ابنا: کراچی ..... یوم شہادت امام علی (ع) کے موقع پر آج ملک بھر میں جلوس برآمد کیے جارہے ہیں ، جلوسوں اور مجالس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، متعدد شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی ہے جبکہ کہیں کہیں موبائل فون سروس بھی بند رکھنے کی تجویز ہے۔ امام علی (ع) کے یوم شہادت کے موقع پر آج ملک بھر میں جلوسوں اورمجالس کااہتمام کیا گیا ہے ، لاہور، کراچی اور ملتان میںمرکرزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہیں۔دوسری طرف کئی ایک شہروں میں مرکزی جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر ختم ہوگئے ہیں۔ راول پنڈی میں مرکزی جلوس مرکزی جلوس موہن پورہ سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا فوارہ چوک پر امام بار گاہ کرنل مقبول حسین پر پہنچ کر ختم ہوا۔ جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جلوس کے روٹ پر تمام ملحقہ راستے کنٹینر لگا کر سیل کردیے گئے تھے اور چار ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔پشاور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں نے ہوتا ہوا امام بارگاہ اخوند آباد پہنچا ، جہاں مجلس کا اہتمام کیا گیا تھا،مجلس کے اختتام پر جلوس واپس اپنی منزل امام بارگاہ سید عالم شاہ پہنچ کر ہی ختم ہوا۔ یوم شہادت امام علی (ع) کے موقع پر پشاور میں جلوسوں کے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور جلوس کی گزر گاہوں پر پولیس کی بارنفری تعیناتی کی گئی ہیں۔ کوئٹہ میں یوم شہادت امام علی (ع) کے سلسلے میں ماتمی جلوس آج رات ساڑھے نو بجے امام بارگاہ نیچاری سے برآمد ہوگا، جو میکانگی روڈ،آرٹ اسکول روڈ، پرنس روڈ سے ہوتا ہوا دوبارہ میکانگی روڈ پر پہنچے گا جہاں رات دو بجے واپس امام بارگاہ نیچاری پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے دو ہزار سے زائد اہلکارتعینات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے ملک بھر میں سخت انتظامات کیے گئے ہیں، کئی ایک شہروں میں ڈبل سواری پر، اسلحہ لے کر چلنے اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی لگائی گئی ہے، کہيں کہیں موبائل فون سروس بھی بند کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
.......
/169